مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عمان کے ایک روزہ دورے کے دوران عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید کے ساتھ دو طرفہ ، علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں تاریخي، ثقافتی ، سیاسی اور برادرانہ تعلقات کے پیش نظر دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں تہران اور مسقط نے باہمی تعاون کو فروغ دینےکا عزم اور باہمی تعلقات میں نئی فصل کے آغازکا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے اقتصادی، تجارتی، سیاسی، عسکری اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ایرانی صدر کے دورہ عمان کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نےعمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید کی سرکاری دعوت پر ایک اعلی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ عمان کا دورہ کیا ،جہاں مسقط ايئر پورٹ پر ان کا والہانہ اور شاندار استقبال کیا گيا۔ صدر رئیسی کا عمان کے بادشاہ نے العلم شاہی محل میں شاندار استقبال کیا ۔ ایرانی صدرسید ابراہیم رئیسی کا عمان کا پانچواں غیر ملکی دورہ ہے. ایرانی صدر اس سے قبل تاجیکستان، ترکمنستان، روس اور قطر کا دورہ کرچکے ہیں۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن و سلامتی کے استحکام پر تاکید کی اور غیر علاقائی طاقتوں کی خطے میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید کی گرم میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
News ID 1910959
آپ کا تبصرہ